یوکرین کے ایک ٹرین اسٹیشن پر روس کے میزائل حملے میں کم از کم 52 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
یوکرائنی حکام کے مطابق روسی میزائل حملے کے نتیجے میں زیادہ تر ہلاکتیں خواتین اور بچوں کی تھیں۔
ایک روسی راکٹ جمعہ کی درمیانی شب مشرقی یوکرین کے شہر کراماتورسک کے ایک ٹرین اسٹیشن پر گرا، جس سے تقریباً 4000 افراد کو نکالے جانے کا انتظار تھا۔
ابتدائی طور پر روسی حملے میں 5 بچوں سمیت 50 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے، ساتھ ہی ٹرین اسٹیشن پر موجود گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
روس نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روسی افواج پر جان بوجھ کر شہریوں کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ کے وقت ٹرین اسٹیشن پر یوکرین کا کوئی فوجی موجود نہیں تھا۔
علاوہ ازیں یوکرین کے نمائندے برائے اقوام متحدہ چلڈرن فنڈ (یونیسیف) نے مشرقی یوکرین کے کراماتورسک اسٹیشن پر راکٹ حملے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بچوں کا قتل اب بند کیا جائے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریلوے سٹیشن پر روسی راکٹ حملے میں بچ جانے والے افراد کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے پیاروں کی تلاش کے دوران جگہ جگہ لاشیں دیکھیں۔