افغانستان کے صوبہ زابل میں ایک 5 سالہ لڑکا حیدر تنگ کنویں میں گرنے سے ہلاک ہو گیا۔
سینئر طالبان رہنما انس حقانی نے ٹوئٹر بیان میں بچے کی موت کی تصدیق کی۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ کنویں میں پھنسا بچہ اب ہمارے ساتھ نہیں، یہ ہمارے ملک کے لیے بہت بڑا سانحہ ہے۔
انس حقانی نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ اللہ تمام افغان عوام اور خاص طور پر حیدر کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
یاد رہے کہ افغانستان کے صوبے زابل میں تنگ کنویں میں گرنے والے بچے کو نکالنے کی کوششیں کی گئیں۔ بچے کو آکسیجن اور کھانے پینے کی اشیاء پہنچا دی گئیں جبکہ کابل سے خصوصی ٹیم بھی روانہ کی گئی لیکن تمام آپریشن بے سود رہے۔
افغان وزارت اطلاعات کے ترجمان نے بتایا کہ وزیر دفاع مولوی یعقوب مجاہد اور انس حقانی نے آپریشن کی نگرانی کی۔