لاہور میں ڈی آئی جی سی ٹی ڈی پنجاب افضال احمد کوثر کی پریس کانفرنس کے دوران صحافی نے سوال کیا کہ پنجاب یونیورسٹی کے گرفتار طالب علم کا کراچی یونیورسٹی دھماکے سے کیا تعلق تھا؟
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی پنجاب افضال احمد کوثر نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سی ٹی ڈی کے پاس ابھی ایسا کچھ نہیں ہے، تحقیقات جاری ہیں۔
خیال رہے کہ پنجاب یونیورسٹی سے ایک مہمان طالب علم کو گرفتار کیا گیا ہے جس پر احتجاج کیا گیا تھا۔ طلباء کے ایک گروپ نے گرفتار طالب علم بیبگر امداد کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
پنجاب یونیورسٹی میں طلباء نے وائس چانسلر آفس کے سامنے دھرنا دیا۔
احتجاج کرنے والے طلباء نے وائس چانسلر آفس سمیت ایڈمن بلاک کو تالہ لگا دیا۔
پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے تالے توڑ کر ایڈمن بلاک کو فعال کر دیا ہے۔
سی ٹی ڈی نے گزشتہ روز یونیورسٹی ہاسٹل سے مہمان طالب علم کو گرفتار کیا تھا۔