ہیلی فیکس (زاہد نور مرزا) بریڈ فورڈ کے رکن پارلیمنٹ بیرسٹر عمران حسین نے کہا ہے کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی اور کشمیری برادری برطانیہ اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین بلدیہ گجر خان الحاج محمد شاہد صراف ، امین مرزا گجر خانوی اور پاکستان سے نواز مرزا کے اعزاز میں انٹرنیشنل جرنلسٹس کونسل آف پاکستان کی طرف سے دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رکن پارلیمنٹ عمران حسین نے کہا کہ پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی پاکستان کو سرخ فہرست سے نکالنے میں تاخیر سے شدید پریشان ہے۔ انہوں نے پاکستانی میڈیا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا اور ہماری آواز دنیا میں سنی گئی۔ پاکستان سے مہمان چیئرمین بلدیہ گوجر خان الحاج محمد شاہد صراف کا استقبال کرتے ہوئے عمران حسین ایم پی نے کہا کہ بریڈ فورڈ مہمان نوازی میں سب سے آگے ہے۔ کمیونٹی ہمیشہ خوش آمدید ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لارڈ میئر بریڈ فورڈ شبیر حسین نے پاکستان سے آنے والے مہمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مہمان امین مرزا گوجر خانوی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اور کشمیری برادری نے مشکل وقت میں دل کھول کر پاکستان کی مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان نواز مرزا ، امین گجر خانوی نے کہا کہ انشاء اللہ وطن عزیز پاکستان ایک دن ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہو جائے گا۔ انہوں نے خوبصورت مہمان نوازی پر قاضی کامران اور ان کے میڈیا ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس وقت بدقسمتی سے ہمارے برطانوی پاکستانی نوجوان پاکستان کے مقابلے میں دوسرے ممالک جانے کو ترجیح دیتے ہیں۔ تقریب کے میزبان قاضی کامران نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔