گوجرانوالہ کی سیشن عدالت نے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان کے خلاف دائر درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی۔
عدالت نے درخواست پر پولیس سے کارروائی کی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔ ایس پی کو 17 دسمبر کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔
ایڈیشنل سیشن جج تاجمل شہزاد کی عدالت میں درخواست ایڈووکیٹ منظور قادر بھنڈر نے دائر کی تھی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر سازشیں کی جا رہی ہیں۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان کے خلاف کام کر رہی ہے۔ حال ہی میں عدلیہ کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی چیئرپرسن یاسمین لاری کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان کے اکاؤنٹس منجمد کیے جائیں اور شائع شدہ سروے رپورٹس پر پابندی لگا کر اس کے دفاتر سیل کیے جائیں۔