ٹویٹر نے نفرت انگیز تقریر پوسٹ کرنے پر ہالینڈ کے رہنما کا اکاؤنٹ معطل کر دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر نے پیر کو اعتراف کیا کہ اس نے ڈچ رہنما گیرٹ ولڈرز کے اکاؤنٹ تک رسائی کو ’عارضی طور پر محدود‘ کر دیا ہے۔
ٹوئٹر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گیرٹ ولڈرز نے ’نفرت انگیز تقریر‘ کے اصول کی خلاف ورزی کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اقدام فریڈم پارٹی کے چیئرمین کی جانب سے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کے لیے نفرت انگیز تقریر کے ٹویٹ کے بعد سامنے آیا۔
دوسری جانب ترک حکام نے گیرٹ ولڈرز کے خلاف صدر طیب اردگان مخالف ٹوئٹس کی بھی تحقیقات کی ہیں۔
خیال رہے کہ 2019 میں بھی ان کا اکاؤنٹ نفرت انگیز مواد پوسٹ کرنے پر معطل کیا جا چکا ہے۔
گیرٹ ولڈرز ڈچ فریڈم پارٹی کے چیئرمین اور دائیں بازو کے رہنما ہیں۔