کشمیر کونسل یورپی یونین کے زیر اہتمام برسلز دھرنے کے شرکاء نے بھارتی مظلوم کشمیریوں کے بچوں اور خواتین کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں جن میں حالیہ واقعات میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو دکھایا گیا تھا۔ مظاہرین نے کشمیریوں کی حمایت میں پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔ اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے لکھے گئے، یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سری نگر کے قریب حیدر پورہ میں شہریوں کو بے دردی سے قتل کیا گیا تھا۔ ہلاک ہونے والے شہریوں میں ایک ڈاکٹر اور تین تاجر شامل ہیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں شہریوں کا قتل عام قابل مذمت ہے۔ ان واقعات کے علاوہ بھارتی سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کی ماورائے عدالت قتل اور حراست کا سلسلہ جاری رہا۔ اس موقع پر چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم دن بہ دن بڑھتا جا رہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لے۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی برادری کو کشمیر میں قتل عام پر خاموش نہیں رہنا چاہیے۔ چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے کہا کہ ہم یورپی اداروں میں بھارتی ظلم کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔ علی رضا سید نے عالمی برادری بالخصوص یورپی یونین اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کے خاتمے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا موثر کردار ادا کریں۔