ملٹن کینز (توقیر لون) کنزرویٹو پارٹی ملٹن کینز نے حالیہ انتخابات کے بعد مقامی قیادت نوجوان قیادت کو سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مقامی کنزرویٹو رہنما الیگزینڈر واکر کے بعد اب کونسلر سلینا راجہ ملٹن کینز میں کنزرویٹو پارٹی کی کمان سنبھالیں گی۔ ملٹن کینز میں یہ پہلا موقع ہے کہ پارٹی کی قیادت آزاد کشمیری ڈائسپورا سے تعلق رکھنے والی ایشیائی خاتون کے دائرہ کار میں آئی ہے۔ ضلع میرپور کے علاقے اسلام گڑھ کے نواحی گاؤں سہڑ سے تعلق رکھنے والی سلینہ راجہ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ ساتھ تدریس سے بھی وابستہ ہیں۔ حالیہ بلدیاتی کونسلوں کے انتخابات میں جہاں کنزرویٹو پارٹی 23 نشستوں کے ساتھ اپنی اکثریت برقرار رکھنے والی واحد جماعت ہے وہیں اس سال اسے ایک نشست کا نقصان بھی ہوا ہے۔ اس سال لیبر پارٹی نے 20 اور لبرل ڈیموکریٹس کو 14 سیٹیں حاصل کرنے کے بعد، لیبر اور لب ڈیم الائنس ملٹن کینز کونسل کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ کنزرویٹو پارٹی کی نومنتخب رہنما سلینا راجہ نے جنگ کو بتایا کہ وہ ملٹن کینز میں کنزرویٹو پارٹی کے بارے میں پر امید ہیں اور پارٹی کی قیادت سنبھالنے کے بعد پارٹی کو مضبوط بنانے پر توجہ دیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اور ان کی پارٹی ملٹن کینز میں مقامی لوگوں کی فلاح و بہبود پر توجہ دینے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ کنزرویٹو پارٹی کو مضبوط کرنے کے لیے اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے تاکہ ان کی پارٹی مستقبل میں مقامی کونسل کا کنٹرول حاصل کر سکے۔