متحدہ عرب امارات میں غیر مسلموں کے لیے نئے قوانین کی منظوری یو اے ای کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان نے دی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق نئے عائلی قوانین کا اطلاق ریاست ابوظہبی میں مقیم غیر مسلم تارکین وطن پر ہوگا۔ عائلی قوانین میں 20 سے زائد دفعات شامل ہیں جو نجی زندگی کے ہر پہلو کا احاطہ کرتی ہیں۔
نئے قانون کا ایک حصہ شادی اور طلاق کے قوانین پر مشتمل ہے، دوسرا حصہ شوہر اور بیوی کے حقوق اور ذمہ داریوں سے متعلق ہے، دوسرا حصہ طلاق کی صورت میں جائیداد کی تقسیم اور مالی معاملات سے متعلق ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق تیسری شق طلاق کے بعد بچوں کی تحویل کا احاطہ کرتی ہے۔ قانون کی چوتھی شق وصیت اور وراثت سے متعلق ہے۔ ریاست میں مقیم غیر مسلموں کو یہ حق حاصل ہوگا کہ وہ اپنی تمام جائیداد یا اس کا کچھ حصہ کسی کو بھی دے دیں۔
عرب میڈیا کے مطابق عدلیہ کے تحت غیر مسلموں کے عائلی قوانین کے لیے الگ یونٹ قائم کر دیا گیا ہے۔ عدالتی کارروائی عربی اور انگریزی زبانوں میں چلائی جائے گی۔