کرتار پور میں سکھ گوردوارے کے باہر ماڈل کے فوٹو شوٹ کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد ڈریس ڈیزائنر کو سکھ برادری سے معافی مانگنی پڑی۔
کرتارپور میں فوٹو شوٹ کے معاملے پر برانڈ کے مالک شہریار یوسف نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ سکھ برادری سے دل آزاری پر معذرت خواہ ہوں، یہ لاپرواہی سے پوسٹ کی گئی، فوٹو شوٹ کا مقصد تشہیر نہیں تھا۔
خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر کرتارپور کے گردوارہ سری دربار صاحب کے احاطے میں فیشن برانڈ کے لیے خاتون ماڈل کا فوٹو شوٹ منظر عام پر آیا تھا، جس پر سکھ برادری نے برہمی کا اظہار کیا تھا۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی ڈیزائنر اور ماڈل کو تنقید کا نشانہ بنایا اور سکھ برادری سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ کرتارپور فلم کا سیٹ نہیں، مذہبی مقام ہے، ڈیزائنر اور ماڈل کو سکھ برادری سے معافی مانگنی چاہیے۔