اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی فار فلسطینی ریفیوجیز ان دی نیئر ایسٹ (UNRWA) نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یوکرین میں جنگ فلسطینیوں کے لیے مالی امداد میں کمی کر رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار یورپی یونین میں یو این آر ڈبلیو اے کے یورپی دفتر کے ڈائریکٹر اور دیگر حکام نے آن لائن پریس کانفرنس میں کیا۔
ایجنسی کے ڈائریکٹر میتھیاس برشارڈ نے کہا کہ ڈونر ممالک اور ایجنسیاں یوکرین میں جنگ کی وجہ سے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے فنڈز میں مسلسل کمی کر رہے ہیں اور وہ فنڈز فراہم نہیں کر رہے ہیں جس کا انھوں نے وعدہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی تنظیم نے اس سال کے شروع میں شام کے بحران سے متاثرہ شام، اردن اور لبنان میں مقیم فلسطینیوں کے لیے 365 ملین ڈالر کی امداد کی اپیل کی تھی لیکن اب تک اسے صرف 39 ملین ڈالر موصول ہوئے ہیں۔
دوسری جانب روس یوکرین جنگ کی وجہ سے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں 20 سے 30 فیصد تک اضافہ ہوا ہے جس سے فلسطینیوں اور شام کے بحران کے دیگر متاثرین کی مدد کرنا مزید مشکل ہو گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شامی علاقے میں پناہ گزینوں کی مدد کے لیے 10 مئی کو یورپی دارالحکومت برسلز میں ایک بین الاقوامی کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے جس میں ان مسائل کو بہتر انداز میں حل کیا جا سکتا ہے۔