پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں پاکستانی عوام کے مینڈیٹ کا احترام کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق کیس کا مختصر فیصلہ سامنے آنے کے بعد شاہ محمود قریشی نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں انصاف کی جیت پر پوری قوم کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔
پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کو پنجاب کے عوام نے 17 جولائی کو مسترد کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن بہت مبارک ہے، مجھے امید ہے کہ عوام پاکستان کے استحکام کے لیے عمران خان کا ساتھ دیں گے۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ ق لیگ کے ارکان اسمبلی ثابت قدم رہے جنہوں نے عدالت میں آکر ثابت کردیا کہ راتوں رات لکھے گئے کسی خط کو قبول نہیں کرتے۔