معاشی بحران سے دوچار سری لنکا میں ایندھن کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
سری لنکا کی پیٹرولیم اینڈ گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ پیٹرول 22 فیصد اور ڈیزل 15 فیصد مہنگا ہو گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا میں ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت 318 روپے اور ڈیزل 266 روپے ہے۔
یاد رہے کہ سری لنکا کا ایک روپیہ پاکستان کے 58 پیسے کے برابر ہے۔
دوسری جانب سری لنکا میں خوراک کا بحران شدت اختیار کرنے پر فوج خوراک کی پیداوار بڑھانے کے لیے 1500 ایکڑ بنجر زمین کو قابل کاشت بنانے کے لیے کاشتکاری مہم میں حصہ لے گی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا کی فوج نے جمعرات کو گرین ایگریکلچر اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کی جو ملک کے فوڈ سیکیورٹی پروگرام پر عمل درآمد کرے گی۔
سری لنکا کے بدترین معاشی بحران کی وجہ سے خوراک، ادویات، گھریلو گیس، ایندھن اور درجنوں دیگر اشیاء کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔