افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ حقانی خاندان کے افراد کو امریکی بلیک لسٹ میں شامل کرنا دوحہ معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔
ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بیان میں کہا کہ حقانی خاندان بھی طالبان کی “امارت اسلامیہ” کا حصہ ہے اور اس کی کوئی الگ شناخت یا تنظیم نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوحہ معاہدے میں تمام طالبان حکام کو امریکہ اور اقوام متحدہ کی بلیک لسٹ سے نکالنے پر اتفاق کیا گیا۔ ہم امریکہ اور دیگر ممالک کے جارحانہ بیانات اور اندرونی معاملات میں مداخلت کی ان کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
ذبیح اللہ نے کہا کہ امریکی حکام کے اس طرح کے بیانات ماضی میں ناکام تجربات کی تکرار تھے اور سفارتی سطح پر بات چیت کے ذریعے ان غلط پالیسیوں کو فوری طور پر تبدیل کیا جانا چاہیے۔
طالبان ترجمان نے یہ بھی کہا کہ امریکہ اور اقوام متحدہ کی بلیک لسٹ سے تمام طالبان عہدیداروں کو ہٹانے کا مطالبہ ابھی تک درست ہے۔