افغان وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالقہار بلخی نے امریکی صدر بائیڈن کے اس بیان کو مسترد کر دیا ہے کہ افغانستان متحد ہونے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔
افغان وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اختلافات غیر ملکی حملہ آوروں نے اپنی بقا کے لیے پیدا کیے ہیں۔
عبدالقہار بلخی نے کہا کہ افغان عوام نے مشترکہ اسلامی عقائد، حب الوطنی کے ساتھ بیرونی حملہ آوروں کو شکست دی، امارت اسلامیہ نے مختصر عرصے میں محدود وسائل کے ساتھ مجموعی سلامتی کو یقینی بنایا، مرکزی حکومت قائم کی اور افغان قوم کو متحد کیا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر نے گزشتہ روز وائٹ ہاؤس میں پریس بریفنگ میں کہا تھا کہ افغانستان سے فوج کا انخلا ہونا چاہیے کیونکہ افغانستان کو ایک حکومت کے تحت متحد کرنا ممکن نہیں۔