انتہا پسند رمضان کے مقدس مہینے میں بھارت کے مختلف حصوں میں ہندو مسلمانوں پر حملے کرکے دہشت پھیلا رہے ہیں۔
اس حوالے سے مائیکروبلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر کئی ویڈیوز وائرل ہوئی ہیں جن میں انتہا پسند ہندو حیدرآباد، گجرات، کرناٹک، گوا، جھارکھنڈ اور بنگال میں مسلم کمیونٹی کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کرتے نظر آرہے ہیں۔
بھارت کے شہر حیدرآباد میں ہندوؤں کے تہوار رام نومی کے موقع پر ایک ریلی نکالی گئی جس میں ہندو انتہا پسندوں نے مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز گیت گائے۔
جس میں کچھ الفاظ تھے جیسے؛
پورے ہندوستان کو ہندو راشٹر بننا ہے۔
جو رام کا نام نہیں لے گا اسے ہندوستان سے بھاگنا پڑے گا۔
اس گانے میں اقلیتوں بالخصوص ہندوستان میں مسلم کمیونٹی کو نشانہ بنایا گیا۔
گجرات کے ہمت نگر علاقے میں رام نومی کے جلوس میں شامل شرپسندوں نے مساجد، درگاہوں اور دکانوں کو بھی نشانہ بنایا۔
گوا میں ایک گروہ نے مسلمانوں پر حملہ کرنے کا ارادہ کرتے ہوئے مسجد میں گھسنے کی کوشش کی۔
انتہا پسند ہندوؤں کے ہجوم نے مسلمانوں پر مسجد سے رام نومی کے جلوس پر پتھراؤ کرنے کا الزام لگایا ہے۔
رام نومی کے ہندو تہوار کے موقع پر بنگال، جھارکھنڈ، مدھیہ پردیش اور کرناٹک میں بھی تشدد پھوٹ پڑا، جس کے بعد پولیس نے کچھ علاقوں میں بڑے اجتماعات پر پابندی لگا دی۔