لندن (آئی این پی) برطانوی وزیراعظم بورس جانسن اپنی سیاسی جماعت کنزرویٹو پارٹی میں تحریک عدم اعتماد سے بچ گئے تاہم اب انہیں اپوزیشن کی جانب سے پارلیمنٹ میں عدم اعتماد کی تحریک کا خطرہ ہے۔ اپوزیشن لبرل ڈیموکریٹس نے بھی وزیراعظم کے خلاف پارلیمنٹ میں تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ عدم اعتماد کی تحریک بورس جانسن کو ڈاؤننگ سٹریٹ سے ہٹانے کا ایک موقع ہوگا۔ لبرل ڈیموکریٹ رہنما سر ایڈ ڈیوی نے کہا کہ کنزرویٹو پارٹی کے 148 ارکان نے بورس جانسن پر اعتماد نہیں کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ اپوزیشن کی حمایت کریں گے۔ لیبر لیڈر کیرسٹارمر نے کہا کہ حکمران جماعت کے پاس عوام کے مسائل کا کوئی حل نہیں ہے اور صرف لیبر پارٹی ہی ملک کو دوبارہ پٹری پر لا سکتی ہے۔