ممبئی (این این آئی) بالی ووڈ کے سینئر اداکار جیکی شروف کے بیٹے ٹائیگر شروف ماضی میں اپنے بیانات کی وجہ سے کافی مشکلات کا شکار رہے ہیں۔ 2014 میں بالی ووڈ میں قدم رکھنے والے ٹائیگر نے 2015 میں بھارتی میڈیا کو ایک انٹرویو دیا تھا جس میں ان سے پوچھا گیا تھا کہ وہ اپنی ہونے والی بیوی میں کیا خصوصیات دیکھنا چاہیں گے۔ اس کے جواب میں اداکار نے فوراً کہا کہ میں گاؤں کی لڑکی سے شادی کروں گا، میں چاہتا ہوں کہ جب بھی میں کام سے گھر پہنچوں وہ میری خدمت کرے تاکہ دن بھر کی تھکاوٹ دور ہوجائے۔ ٹائیگر شروف نے کہا کہ مجھے ایسی لڑکی پسند ہے جو گھر کے کام کاج میں مہارت رکھتی ہے اور اپنے گھر کو وقت دیتی ہے۔ بعد ازاں جب اداکار کو اپنے بیان کی نوعیت اور معاملے کی سنگینی کا احساس ہوا تو انہوں نے فوری طور پر ٹوئٹر کے ذریعے اپنے بیان کی وضاحت کی۔ انہوں نے کہا کہ میرے دل میں خواتین کا بہت احترام ہے۔