لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک) معروف ہالی ووڈ اداکار آرنلڈ شوارزنیگر کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے سابق گورنر اور ہالی ووڈ اداکار آرنلڈ شوارزنیگر کے ترجمان نے کار حادثے کی تصدیق کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق حادثہ لاس اینجلس میں پیش آیا جس میں آرنلڈ کی کار دیگر گاڑیوں سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں four گاڑیاں متاثر ہوئیں جس میں ایک شخص زخمی ہوگیا جب کہ اداکار محفوظ رہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ امریکی میڈیا اور سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر میں ایک بڑی SUV دو گاڑیوں کے اوپر سوار دکھائی دے رہی ہے جس میں آرنلڈ گاڑی سے باہر نکلتے ہوئے دوسرے متاثرین سے بات کر رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے سلسلے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ پولیس نے منشیات اور الکحل کے ملوث ہونے کے امکان کو مسترد کر دیا ہے تاہم تحقیقات جاری ہیں۔ آرنلڈ کے ترجمان نے امریکی اخبار کو بتایا کہ وہ اس وقت ایس یو وی چلا رہے تھے، آرنلڈ بالکل ٹھیک تھے اور حادثے کے بعد انہوں نے ریسکیو ایجنسی کو فون کیا اور زخمیوں سے بات کی۔