اسرائیلی وزیر دفاع بینی گانٹز اگلے ہفتے ہندوستان کا اہم دورہ کریں گے اور دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور دفاعی تعلقات کے 30 سال مکمل ہونے پر مشترکہ تعاون کے معاہدے پر دستخط کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل اور بھارت کے درمیان خصوصی سیکیورٹی معاہدہ بھی ممکن ہے۔
جولائی 2017 میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ اسرائیل کے بعد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات دفاعی شراکت داری میں بدل گئے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع اپنے تین روزہ دورے کے دوران اپنے بھارتی ہم منصب راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کریں گے۔
بھارت ان چند ممالک میں سے ایک ہے جو اسرائیل سے اربوں ڈالر مالیت کا دفاعی ساز و سامان خریدتا ہے لیکن اب دونوں ممالک مل کر ہتھیار تیار کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ بھارت نے 17 ستمبر 1950 کو اسرائیل کو ایک آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کیا تھا تاہم دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات باضابطہ طور پر 29 جنوری 1992 کو قائم ہوئے تھے۔